وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے 15 اکتوبر 2026 کے لیے پیٹرول مہنگا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سستا کردیا ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 20 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 17 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 392 روپے 66 پیسے سے بڑھا کر 393 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 82 پیسے سے کم کرکے 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 15 اکتوبر 2026 تک ایک روز کے لیے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں پاک فوج نے ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کر دیا، کیمبرین پیٹرول 2026 میں سلور میڈل جیت لیا
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ سے منسلک ہیں اور عالمی منڈی میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 24 مرتبہ کمی اور 36 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ اسی عرصے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 25 مرتبہ کمی اور 35 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل 13 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 71 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 392 روپے 66 پیسے اور ڈیزل 396 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
12 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 93 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 395 روپے 37 پیسے ہوگئی تھی۔ اسی روز ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 61 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 396 روپے 85 پیسے مقرر ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران میں مہنگائی کا طوفان ، قوتِ خرید شدید متاثر،وزیر خزانہ کا بڑا بیان سامنے آ گیا
اس سے قبل 10 سے 12 اکتوبر کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول 398 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 52 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا اور اس کی قیمت 396 روپے 24 پیسے مقرر ہوئی تھی۔
مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جا رہا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔


