عمران خان کے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ سے ریاست مخالف ٹویٹ، بیرسٹر گوہر، رئوف حسن، عمر ایوب کو ایف آئی اے نے طلب کر لیا۔
ایف آئی اے اسلام آباد سائبر کرائم نے عمران خان کے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ سے کی گئی متنازعہ ٹویٹ کی انکوائری کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب اور ترجمان پاکستان تحریک انصاف رئوف حسن کو طلب کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے عمران خان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کروائے، شرجیل میمن کامطالبہ
ایف آئی اے نوٹس کے مطابق عمران خان کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے ریاست کیخلاف ویڈیو ٹویٹ کی گئی جس میں عوام کو ریاست کیخلاف مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایف آئی اے اسلام آباد سائبر کرائم نے بدھ کو 11بجے تینوں پی ٹی آئی رہنمائوں کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کیلئے طلب کیا ہے۔
ایف آئی اے نوٹس کے نوٹ میں تحریر ہے کہ غیر حاضری کی صورت میں متعلقہ فریق کیخلاف پاکستان پینل کوڈ دفعہ 174 کے تحت کاروائی کی جائے گی۔



واضح رہے کہ ایف آئی اے اسلام آباد سائبر کرائم کی جانب سے عمران خان کے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ سے ریاست مخالف ٹویٹ کی انکوائری کا اعلان کیا گیا تھا، اس سلسلے میں ایف آئی اے ٹیم نے عمران خان سے تفتیش کیلئے اڈیالہ جیل رابطہ کیا گیا تاہم عمران خان نے ایف آئی اے کی تفتیش میں شامل ہونے کو وکلا کی موجودگی سے مشروط کردیا تھا۔

