چین اور پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے دوطرفہ ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی بحالی پر زور دیا۔
چینی میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مسئلے کے پرامن حل کیلئے دوبارہ مذاکرات کی میز پر بیٹھا جائے، تمام فریقین اپنے کیے گئے وعدوں پر عملدر آمد یقینی بنائیں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت جنگ بندی پر عملدرآمد کیا جائے۔
گلوبل ٹائمز کے مطابق دونوں ممالک نے خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر دشمنی ختم کریں، مشکلات پر قابو پانے کے لیے اقدامات کریں، رکاوٹیں دور کریں، مذاکرات دوبارہ شروع کریں، ایک جامع امن معاہدے کے حصول کے لیے کوششیں کی جانی چاہئیں۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار اور چینی ہم منصب وانگ ژی کے درمیان ملاقات میں ملاقات میں آل ویدراسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے مزید فروغ کےمشترکہ عزم کااعادہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں سی پیک ٹو، تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، فریقین نےتازہ ترین علاقائی وعالمی پیشرفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔