بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیےبڑی خوشخبری

بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیےبڑی خوشخبری

بیرون ملک ملازمت کے خواہش مند پاکستانیوں خصوصاً نرسنگ کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے خوشخبری ۔ بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای او ای) کے مطابق جرمنی میں تربیت یافتہ نرسوں کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے باعث پاکستانی نرسوں کے لیے روزگار کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ تاہم امیدواروں کو مقررہ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور زبان سے متعلق شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

جرمنی میں نرسوں کی طلب کیوں بڑھ رہی ہے؟

بی ای او ای کے مطابق جرمنی میں عمر رسیدہ آبادی میں مسلسل اضافہ اور صحت کے شعبے میں افرادی قوت کی کمی کے باعث غیر ملکی نرسوں کی بھرتی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مستند ڈپلومہ یا ڈگری رکھنے والی پاکستانی نرسیں جرمنی میں ملازمت کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

ملازمت کے لیے بنیادی شرائط

جرمنی میں نرسنگ ایک ریگولیٹڈ پیشہ ہے اس لیے امیدواروں کو اپنی نرسنگ ڈگری یا ڈپلومہ جرمن حکام سے تسلیم کرانا ہوگا۔ اس کے بعد متعلقہ ادارے سے پیشہ ورانہ اجازت نامہ (لائسنس) حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت کا بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو 10 لاکھ روپے تک کا قرض دینے کا فیصلہ

اس کے علاوہ امیدواروں کے لیے جرمن زبان پر عبور لازمی قرار دیا گیا ہے اور کم از کم بی ٹو (B2) سطح کا زبان کا سرٹیفکیٹ درکار ہوگا۔

کن دستاویزات کی ضرورت ہوگی؟

جرمنی میں نرسنگ کی ملازمت کے لیے درخواست دیتے وقت درج ذیل دستاویزات درکار ہوں گی۔

نرسنگ کی ڈگری یا ڈپلومہ

جرمن حکام سے تعلیمی اسناد کی منظوری

جرمن زبان کا کم از کم B2 سرٹیفکیٹ

جسمانی اور ذہنی صحت کا میڈیکل سرٹیفکیٹ

اچھے کردار اور مجرمانہ ریکارڈ نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ

اگر ڈگری مکمل طور پر تسلیم نہ ہو تو کیا ہوگا؟

جرمن حکام کے مطابق اگر کسی امیدوار کی تعلیمی اسناد جرمن معیار کے مطابق مکمل طور پر تسلیم نہ ہوں تو دو راستے موجود ہیں۔

پہلے طریقے کے تحت متعلقہ ادارہ امیدوار کی اسناد کا جائزہ لیتا ہے اور اگر فرق پایا جائے تو امیدوار کو امتحان یا اضافی تربیت مکمل کرنا ہوتی ہے۔

دوسرے طریقے میں امیدوار براہ راست جرمنی کے منظور شدہ تربیتی پروگرام میں داخلہ لے سکتا ہے جس سے منظوری کا عمل نسبتاً تیز اور کم اخراجات میں مکمل ہو جاتا ہے۔

کن اداروں میں ملازمت مل سکتی ہے؟

جرمنی میں نرسنگ کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے مختلف اداروں میں ملازمت کے مواقع موجود ہیں، جن میں:

اسپتال

نرسنگ ہومز

گھریلو نگہداشت کے مراکز

طبی بحالی (ری ہیبیلیٹیشن) مراکز

پالی ایٹو کیئر مراکز

نرسوں کی ذمہ داریاں کیا ہوں گی؟

منتخب ہونے والے امیدوار مریضوں کی دیکھ بھال، ادویات اور علاج سے متعلق ہدایات پر عمل درآمد، طبی ریکارڈ کی تیاری، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی معاونت جبکہ مریضوں کی خوراک، ذاتی صفائی، نقل و حرکت اور روزمرہ ضروریات میں مدد فراہم کریں گے۔

ویزا اور رہائشی اجازت نامہ

بی ای او ای کے مطابق پاکستان سمیت یورپی یونین سے باہر کے ممالک کے شہریوں کو جرمنی میں ملازمت کے لیے مناسب ویزا اور رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ جرمن حکام نے واضح کیا ہے کہ نرسنگ کے شعبے پر یورپی یونین بلیو کارڈ کا اطلاق نہیں ہوتا۔

 یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے اہم ہدایات جاری کردیں

تاہم امیدوار ریکگنیشن پارٹنرشپ اور اپرچونٹی کارڈ جیسے پروگراموں کے ذریعے بھی جرمنی جا کر ملازمت تلاش کر سکتے ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ اسناد کی منظوری کا عمل مکمل کر سکتے ہیں۔

بی ای او ای کا مشورہ

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے پاکستانی نرسوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ درخواست دینے سے پہلے اپنی تعلیمی اسناد، جرمن زبان کی مہارت اور دیگر ضروری دستاویزات مکمل کر لیں تاکہ جرمنی میں ملازمت حاصل کرنے کا عمل آسان اور تیز ہو سکے۔

editor

Related Articles