وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب تک ملک بھر سے 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق رجسٹرڈ عازمین میں سے 2 لاکھ 46 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے، جبکہ 94 ہزار درخواست گزاروں نے نجی حج اسکیم کے تحت رجسٹریشن کرائی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب حج رجسٹریشن میں سرفہرست ہے، جہاں سے ایک لاکھ 56 ہزار افراد نے رجسٹریشن مکمل کی، سندھ سے ایک لاکھ، خیبرپختونخوا سے 51 ہزار، اسلام آباد سے 15 ہزار، بلوچستان سے 12 ہزار، آزاد جموں و کشمیر سے 2 ہزار 600 اور گلگت بلتستان سے 1 ہزار 200 عازمین نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ حج واجبات کی آن لائن وصولی کے طریقہ کار اور شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا، جس کے بعد رجسٹرڈ عازمین مقررہ وقت کے اندر اپنی ادائیگیاں مکمل کر سکیں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی معلومات، رہنمائی یا شکایت کے لیے پاک حج موبائل ایپ اور وزارت کی حج ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں تاکہ انہیں مستند اور بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔
وزارت نے واضح کیا کہ حج رجسٹریشن کرانے والے تمام افراد کو آئندہ مراحل، ادائیگیوں، قرعہ اندازی (اگر ضرورت پیش آئی)، تربیتی پروگراموں اور سفری انتظامات سے متعلق معلومات سرکاری ذرائع سے فراہم کی جائیں گی۔ عازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے صرف وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
حکام کے مطابق حج انتظامات کو مزید مؤثر، شفاف اور سہل بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام کو وسعت دی جا رہی ہے تاکہ رجسٹریشن سے لے کر روانگی تک تمام مراحل کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آسان بنایا جا سکے اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔