پاکستانی فری لانسرز نے ایک سال میں کتنے ڈالر کمائے؟دنیا حیران

پاکستانی فری لانسرز نے ایک سال میں کتنے ڈالر کمائے؟دنیا حیران

پاکستانی فری لانسرز نے مالی سال 2025-26 کے دوران زرمبادلہ کمانے کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ڈیجیٹل معیشت میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی فری لانسرز نے مالی سال 2025-26 میں مجموعی طور پر 1 ارب 76 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ ملک میں لایا جو اب تک کی بلند ترین سالانہ آمدن ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں فری لانسرز کی برآمدی آمدن میں 78 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے کی تیزی سے ترقی اور عالمی منڈی میں پاکستانی فری لانسرز کی بڑھتی ہوئی پذیرائی کا اندازہ ہوتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :رواں مالی سال کی پہلی ششماہی، پاکستانی فری لانسرز نے کتنی کمائی کی؟

رپورٹ کے مطابق صرف جون 2026 کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے 16 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا، جبکہ جون 2025 کے مقابلے میں یہ آمدن 69 فیصد زیادہ رہی۔

سرکاری ڈیٹا کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں فری لانسرز کی برآمدی آمدن میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مالی سال 2024-25 میں یہ آمدن 98 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی، جبکہ مالی سال 2023-24 میں فری لانسرز نے 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا تھا۔

اسی طرح مالی سال 2022-23 میں پاکستانی فری لانسرز کی برآمدی آمدن 36 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد ہر سال نمایاں ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔

 ہہ بھی پڑھیں :پاکستانی فری لانسرز سے متعلق بڑی خبر آگئی

ماہرین کے مطابق فری لانسنگ کے شعبے میں یہ غیر معمولی اضافہ پاکستان کی ڈیجیٹل افرادی قوت، آئی ٹی خدمات کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب اور آن لائن روزگار کے مواقع میں توسیع کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ادائیگیوں کے نظام اور فری لانسرز کی تربیت پر مزید توجہ دے تو آنے والے برسوں میں یہ شعبہ ملک کے لیے مزید قیمتی زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔

پاکستانی فری لانسرز کی یہ کامیابی نہ صرف ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ نوجوان نسل ڈیجیٹل میدان میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہے۔

editor

Related Articles