آزاد کشمیر انتخابات: سرکاری ملازمین کے لیے ووٹ کاسٹنگ کا عمل کامیابی سے مکمل، 80 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ

آزاد کشمیر انتخابات: سرکاری ملازمین کے لیے ووٹ کاسٹنگ کا عمل کامیابی سے مکمل، 80 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ

آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کے لیے ووٹ کاسٹنگ کا مرحلہ پیر کے روز کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ اس مرحلے کے دوران آزاد کشمیر کے تقریباً تمام اضلاع میں پولنگ کا انعقاد کیا گیا، تاہم ضلع راولاکوٹ (پونچھ) اور ضلع سدھنوتی اس مرحلے میں شامل نہیں تھے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق انتخابی ڈیوٹی سرانجام دینے والے حکومتی ملازمین نے ووٹنگ کے عمل میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں اس مرحلے میں 80 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ شرح گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہی، کیونکہ سابقہ انتخابات میں اسی مرحلے کے دوران تقریباً 60 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پولنگ کا پورا عمل انتہائی منظم اور پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔ ووٹنگ کے دوران کسی بھی مقام سے کسی ناخوشگوار واقعے یا امن و امان کی صورتحال کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث انتخابی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں ’شہیدوں کے قاتلوں اور گردنیں اتارنے کی دھمکیاں دینے والوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، آئی جی لیاقت علی ملک کا دو ٹوک اعلان

حکام کے مطابق انتخابی عمل میں فرائض انجام دینے والے پولنگ اسٹاف کو ان کی خدمات کے اعتراف میں فی کس 5 ہزار 550 روپے بطور انتخابی ڈیوٹی اعزازیہ ادا کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد انتخابی عملے کی حوصلہ افزائی اور انتخابی ذمہ داریوں کی مؤثر انجام دہی کو یقینی بنانا ہے۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی ملازمین کی ووٹنگ کا یہ مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہونا عام انتخابات 2026 کے انعقاد کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ حکام کے مطابق انتخابی عمل کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل نے آئندہ ہونے والے جنرل الیکشن 2026 کے لیے مثبت رفتار اور سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پہلے مرحلے کے کامیاب انعقاد سے انتخابی انتظامات پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اس امر کی عکاسی ہوتی ہے کہ متعلقہ ادارے عام انتخابات کے باقی مراحل کو بھی منظم، شفاف اور پرامن انداز میں مکمل کرنے کے لیے اپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Related Articles