انجمن تاجران مظفرآباد نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی لاک ڈاؤن کال مسترد کردی،22 جولائی کو تمام مارکیٹیں کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
انجمن تاجران مظفرآباد نے 22 جولائی 2026 کو کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کی جانب سے دی گئی لاک ڈاؤن کال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اس اقدام کی حمایت نہیں کرتے۔
انجمن تاجران مظفرآباد کے عہدیداران اور مختلف مارکیٹوں کے نمائندگان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ مظفرآباد ڈویژن میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی لاک ڈاؤن کال سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور تمام کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
مشترکہ بیان جاری کرنے والوں میں قائم مقام چیئرمین انجمن تاجران مظفرآباد گوہر کشمیری، مدینہ مارکیٹ کے صدر ابرار مصطفیٰ، گوجرا کے صدر چوہدری شاہد ممتاز، مدینہ مارکیٹ کے نائب صدر علی عباس، جنرل سیکریٹری مدینہ مارکیٹ خواجہ عقیل، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران مظفرآباد منصور عالم قریشی سمیت دیگر تاجر شامل تھے۔
تاجروں کے نمائندگان نے کہا کہ 22 جولائی کو مظفرآباد ڈویژن کی تمام مارکیٹس اور دکانیں کھلی رہیں گی اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھی جائیں گی۔
انجمن تاجران کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تاجروں کے مفادات، عوامی سہولت اور معاشی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے لاک ڈاؤن کال سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ مختلف حلقوں کی جانب سے 22 جولائی کی ہڑتال یا لاک ڈاؤن کال کے حوالے سے ردعمل سامنے آ رہا ہے، جبکہ انجمن تاجران مظفرآباد نے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کاروباری مراکز کھلے رکھنے کا اعلان کر دیا ہے،اس سے پہلے آزاد کشمیر کے عوام نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے انتشاری ایجنڈے کو یکسر مسترد کردیا ہے۔