مستری، الیکٹریشن، پلمبر، ویلڈر اور دیگر ہنرمند کارکنوں کی نئی اجرت مقرر

مستری، الیکٹریشن، پلمبر، ویلڈر اور دیگر ہنرمند کارکنوں کی نئی اجرت مقرر

پنجاب حکومت نے آئندہ چھ ماہ کے لیے مزدوروں کے نئے لیبر ریٹس نافذ کر دیے ہیں، محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جولائی 2026 سے دسمبر 2026 تک سرکاری ترقیاتی منصوبوں اور تعمیراتی کاموں کے مزدوروں کی اجرتوں کے نئے نرخ مقرر کر دیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ہنرمند مزدور کی یومیہ اجرت 1 ہزار 538 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ مستری، الیکٹریشن، پلمبر، ویلڈر اور دیگر ہنرمند کارکنوں کو روزانہ 2 ہزار روپے اجرت دی جائے گی۔

اسی طرح نیم ہنرمند کارکنوں، جن میں مالی، چین مین اور دیگر افراد شامل ہیں، کی یومیہ اجرت 1 ہزار 560 روپے مقرر کی گئی ہے،حکومت نے ماہانہ بنیادوں پر کام کرنے والے مزدوروں کی کم از کم اجرت 40 ہزار روپے ماہانہ مقرر کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مہنگائی کے ستائے مزدور طبقے کی اجرت میں معمولی اضافہ ہوگیا

محکمہ خزانہ کے مطابق نئے لیبر ریٹس کا اطلاق صوبے کے سرکاری ترقیاتی منصوبوں، تعمیراتی کاموں اور سرکاری ٹھیکوں کے تخمینوں پر ہوگا،نئے نرخ لاگو ہونے کے بعد تعمیراتی منصوبوں کی لاگت کے تخمینوں میں بھی تبدیلی آئے گی اور متعلقہ محکمے انہی اجرتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں کے اخراجات کا تعین کریں گے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ نئے لیبر ریٹس آئندہ چھ ماہ کے لیے نافذ العمل رہیں گے، جبکہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری کاموں میں مزدوروں کی اجرتوں کی ادائیگی نئے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق یقینی بنائی جائے۔

editor

Related Articles