آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا ملک گیر ہڑتال کا ا علان

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا ملک گیر ہڑتال کا ا علان

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے حکومتی فیصلے پر وفاقی دارالحکومت میں اہم سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان مذاکرات میں اب تک کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز کی کراچی اور لاہور کے پیٹرولیم ڈیلرز نمائندوں سے متعدد ملاقاتوں کے باوجود ڈیلرز کو پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کے تعین کے نئے نظام پر قائل نہیں کیا جا سکا۔

وزیر پیٹرولیم، اوگرا اور ڈیلرز کے بیک ٹو بیک اجلاس

 میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر پیٹرولیم علی پرویز کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے وفد نے چیئرمین اوگرا اور سیکریٹری پیٹرولیم سے بھی ملاقاتیں کیں۔

پی پی ڈی اے وفد اور چیئرمین اوگرا کے درمیان ملاقات تقریباً ڈھائی گھنٹے جاری رہی، جس میں ڈیلرز نمائندوں نے قیمتوں کے روزانہ تعین کے طریقہ کار پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

اوگرا نے مانگ لی 7 دن کی مہلت

پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ اوگرا نے یومیہ قیمتوں کے تعین کے معاملے پر سات دن کی مہلت مانگی ہے،انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مرکزی اجلاس کراچی میں طلب کر لیا گیا ہے، جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ ہڑتال کی جائے یا اوگرا کو مزید وقت دیا جائے،طارق حسن کے مطابق مذاکرات میں ڈیلرز مارجن بڑھا کر 8 فیصد کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے حکومتی فیصلے کی حمایت کر دی

دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی نمائندہ تنظیم اوسی اے سی نے حکومت کے نئے قیمتوں کے طریقہ کار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ڈیلرز کا ڈیلی پرائس میکنزم مسترد

آل پاکستان پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعمان علی بٹ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ وزارت پیٹرولیم کے ساتھ مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور حکومت کے مجوزہ ڈیلی پرائس میکنزم کو مسترد کرتے ہیں۔

ملک گیر ہڑتال کا اعلان

نعمان علی بٹ نے اعلان کیا کہ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کل رات 12 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند رہیں گے۔

حکومت کا نیا پرائسنگ میکنزم کیا ہے؟

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے لیے نئے پرائسنگ میکنزم کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت اوگرا اب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گا۔

نئے طریقہ کار کے مطابق قیمتوں کا تعین گزشتہ سات روز کی اوسط عالمی قیمتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے جاری قیمتیں برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

editor

Related Articles