حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے بڑی شرط عائد کردی

حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے بڑی شرط عائد کردی

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین اور ان کے زیر کفالت اہلِ خانہ کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات سے متعلق معلومات کو لازمی قرار دیتے ہوئے تمام سول سرونٹس کے لیے حلفیہ ڈیکلریشن جمع کرانا ضروری قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے غیر ملکی شہریت اور غیر ملکی سفری دستاویزات سے متعلق لازمی ڈیکلریشن فارم جاری کر دیے ہیں۔ یہ فارم سول سرونٹس کی غیر ملکی شہریت سے متعلق رولز 2026 کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری

نئے قواعد کے مطابق سرکاری ملازمین کو تین مختلف مواقع پر غیر ملکی شہریت سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ ملازمت میں شمولیت کے وقت غیر ملکی شہریت، پاسپورٹ یا دیگر سفری دستاویزات کی معلومات دینا لازمی ہوگی۔

تمام سول سرونٹس کو ہر سال بھی اس حوالے سے ڈیکلریشن جمع کرانا ہوگا،سرکاری ملازمین کو غیر ملکی پاسپورٹ، رہائشی اجازت نامہ، مستقل رہائش کارڈ یا دیگر غیر ملکی دستاویزات کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔

نئے ضوابط کے تحت سرکاری ملازمین کے زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت کی معلومات دینا بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اگر کسی سرکاری ملازم نے کسی غیر ملکی شہری سے شادی کی ہو تو اس کی مکمل تفصیلات اور حاصل کردہ سرکاری اجازت سے متعلق معلومات بھی ظاہر کرنا ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں :سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری، وزارت خزانہ کا اہم فیصلہ

حکومت نے واضح کیا ہے کہ غیر ملکی شہریت یا دستاویزات سے متعلق معلومات میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں 90 دن کے اندر متعلقہ حکام کو آگاہ کرنا ضروری ہوگا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق تقرری کے وقت معلومات چھپانے کی صورت میں ملازمت کے حوالے سے کارروائی کی جا سکتی ہے، جبکہ غلط یا جھوٹا ڈیکلریشن جمع کرانے والے ملازمین کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

editor

Related Articles