شادی کے بعد نکاح کا باقاعدہ اندراج کرانا قانونی طور پر ضروری ہے، جس کے لیے دلہا یا دلہن میں سے کوئی ایک متعلقہ یونین کونسل سے میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتا ہے۔ نکاح کے اندراج کے لیے نکاح نامہ، دلہا اور دلہن سمیت ان کے والدین اور نکاح کے گواہوں کے شناختی کارڈز درکار ہوتے ہیں۔
نکاح کے اندراج یا میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے درخواست گزار کو نکاح خواں کی جانب سے جاری کردہ نکاح نامہ، دلہا اور دلہن کے شناختی کارڈز، دونوں کے والد کے شناختی کارڈز اور نکاح کے گواہوں کے شناختی کارڈز متعلقہ یونین کونسل میں جمع کرانا ہوتے ہیں۔
درخواست جمع ہونے کے بعد یونین کونسل کا عملہ فراہم کردہ دستاویزات اور معلومات کی جانچ پڑتال کرتا ہے۔ تمام دستاویزات درست ہونے کی صورت میں نکاح کا اندراج یونین کونسل کے نظام میں کر دیا جاتا ہے۔
اندراج کے بعد درخواست گزار کو درج شدہ معلومات کا پرنٹ آؤٹ پروف ریڈنگ کے لیے دیا جاتا ہے۔ درخواست گزار تمام تفصیلات کا جائزہ لیتا ہے اور معلومات درست ہونے کی صورت میں پروف ریڈنگ پرنٹ پر دستخط کرکے یونین کونسل کے عملے کے حوالے کر دیتا ہے۔
دستخط شدہ پروف ریڈنگ موصول ہونے کے بعد یونین کونسل کی جانب سے میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جاتا ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق نکاح کے اندراج اور میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حصول کی سہولت مخصوص اضلاع میں نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان اضلاع میں جہلم، چکوال، ننکانہ، کوئٹہ اور کراچی شرقی شامل ہیں۔
شادی شدہ جوڑوں کے لیے ضروری ہے کہ نکاح کے اندراج کا عمل مکمل کرائیں تاکہ شادی کا باقاعدہ سرکاری ریکارڈ موجود ہو اور مستقبل میں متعلقہ دستاویزات کے حصول کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔