وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور خطے کی ترقی کے لیے نومنتخب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے امجد حسین کو وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :دہشتگردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلوچستان میں امن ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں قابل تجدید توانائی، سیاحت، بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ علاقے کے عوام کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے اہم منصوبوں میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبہ اور دانش اسکولوں کے قیام کے منصوبے سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت میں عوام کو سرکاری خدمات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے لیے پاکستان آسان خدمت سینٹر قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی نئی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی تاکہ خطے کی پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں :عوام قربانی دیں اور اشرافیہ عیاشی کرے، یہ اب نہیں چلے گا، وزیراعظم شہباز شریف کا دوٹوک اعلان
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی شریک تھے۔

