پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ، گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتا ل کی دھمکی دیدی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ، گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتا ل کی دھمکی دیدی

 پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کو سخت احتجاج کی وارننگ دے دی ہے۔ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو کسی بھی وقت ملک گیر ہڑتال کی کال دی جا سکتی ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز سے مشاورت جاری ہے اور مشترکہ لائحہ عمل جلد سامنے لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کرایوں سے متعلق بڑا اعلان کردیا

انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں اور بالخصوص ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافے نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کے مطابق آپریٹنگ اخراجات میں بے پناہ اضافے کے باعث متعدد گاڑیاں کھڑی ہونے پر مجبور ہیں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کہا کہ اگر حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر فوری توجہ نہ دی تو بہت جلد ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کو ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔

ملک شہزاد اعوان نے پاکستان بھر کی چیمبرز آف کامرس، فیڈریشنز اور کاروباری تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ اس بحران کے اثرات ملکی تجارت اور معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے جبکہ موٹروے اور ٹریفک پولیس کے جرمانوں میں بھی ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے بارہا مطالبات کے باوجود گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا عملی ریلیف نہیں دیا جا رہا۔

 یہ بھی پڑھیں :مہنگائی کا نیا طوفان ،گڈز ٹرانسپورٹ کا کرایوں میں اضافے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلسل نقصان برداشت کر کے گاڑیاں چلا رہے ہیں جبکہ جنگی حالات کے باعث بھی کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس کے باوجود حکومتی پالیسیاں ٹرانسپورٹ شعبے پر مزید بوجھ ڈال رہی ہیں جس کے باعث اب ملک گیر ہڑتال ناگزیر ہوتی جا رہی ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے حکومت کو یاد دلایا کہ گزشتہ سال دسمبر میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ٹرانسپورٹرز سے متعدد وعدے کیے تھے تاہم ان پر تاحال عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان وعدوں کو فوری پورا کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

editor

Related Articles