کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،ایران کا امریکا کو انتباہ

کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،ایران کا امریکا کو انتباہ

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک یا اس کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران اپنی سرزمین پر ہونے والے کسی بھی حملے کو بلا جواب نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران یا اس کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

 یہ بھی  پڑھیں :ایران امریکہ عبوری معاہدے کی بحالی کے لیے نئی تجویز سامنے آ گئی

عباس عراقچی نے مزید خبردار کیا کہ ایسی کسی بھی جارحیت میں معاونت کرنے والے تمام فریق بھی ایران کی نظر میں جائز ہدف تصور کیے جائیں گے۔ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے اپنے تین روز قبل دیے گئے بیان کو سوشل میڈیا پر دوبارہ جاری کیا۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے تین روز قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کو ایران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو اس کے اقدامات کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی اسے تباہ کیا جا رہا ہے اور حملے جاری رہیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکا کیساتھ جنگ اس وقت ختم ہوگی جب ایران کو برتری حاصل ہوگی ، عباس عراقچی

ادھر ایرانی خبر ایجنسی تسنیم سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ایرانی فوجی عہدیدار نے خبردار کیا کہ اگر امریکا ایران کے پلوں، بجلی گھروں یا دیگر بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتا ہے تو ایران بھی خطے میں موجود امریکی مفادات، پلوں اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں مزید تناؤ پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ دونوں ممالک کے سخت بیانات نے مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔

editor

Related Articles