ضلع بنوں کی تحصیل وزیر کے علاقے تلگئی پہاڑی سلسلے میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک جبکہ 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کی نگرانی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال نے کی۔ آپریشن میں ضلع پولیس بنوں، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، آر آر ایف اسکواڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ ایس پی سی ٹی ڈی فضل وحید خان اور ایس پی رورل اسد علی شاہ بھی آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر شدید فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مؤثر جوابی کارروائی کی۔ دونوں جانب تقریباً 7 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کے نتیجے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے، تاہم موقع سے 2 دہشتگردوں کی لاشیں برآمد کی گئیں، جبکہ فرار ہونے والے دہشتگرد اپنے 2 ہلاک ساتھیوں کی لاشیں ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
کارروائی کے دوران 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے دہشتگردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، ایک رائفل، بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر آپریشنل سامان بھی برآمد کیا ہے۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او تھانہ بسیاخیل انسپکٹر راشد خان اور کانسٹیبل واجد خان معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کی موجودگی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ضلع پولیس بنوں اور سی ٹی ڈی کی باہمی ہم آہنگی، پیشہ ورانہ مہارت اور دہشتگردی کے خلاف عزم کا مظہر ہے۔