ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود،کرشنگ سیزن تک ضرورت پوری ہوگی،اسحاق ڈار

ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود،کرشنگ سیزن تک ضرورت پوری ہوگی،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت شوگر سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں چینی کے موجودہ ذخائر، آئندہ کرشنگ سیزن اور مارکیٹ میں قیمتوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے ملک میں دستیاب چینی کے ذخائر اور آئندہ متوقع پیداوار کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چینی کے مناسب اور وافر ذخائر موجود ہیں،انہوں نے کہا کہ دستیاب ذخائر اور متوقع پیداوار کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کرشنگ سیزن تک ملکی ضروریات پوری ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اسحاق ڈار کا کویتی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ،دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر گفتگو

اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں چینی کی دستیابی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ قیمتوں میں استحکام کے لیے بھی مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں،نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو ضروری اشیائے خورونوش مناسب نرخوں پر دستیاب ہوں۔

انہوں نے چینی کے ذخائر اور مارکیٹ میں قیمتوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ممکنہ مسئلے سے بروقت نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے فعال رہیں۔

اجلاس میں وزارت خوراک، وزارت اطلاعات، وزارت تجارت اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی،شوگر سٹیئرنگ کمیٹی نے ملک میں چینی کے دستیاب ذخائر اور مجموعی مارکیٹ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد موجودہ انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

editor

Related Articles