مسلح افواج کی میرٹ اور قابلیت کی درخشندہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے اور انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ تعینات کرنے کی منظوری دی ہے، اس اہم تقرری کے تناظر میں آئیے جنرل عامر رضا کے پیشہ ورانہ سفر، عسکری خدمات اور نمایاں کامیابیوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
شاندار عسکری کیریئر اورپیشہ ورانہ قیادت
لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی ان کے شاندار پیشہ ورانہ کیریئر کے اعتراف میں دی گئی ہے، فور اسٹار جنرل مقرر ہونے سے قبل وہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف جنرل اسٹاف جیسے نہایت اہم اور کلیدی منصب پر خدمات انجام دے رہے تھے، جہاں اسٹریٹجک بصیرت، آپریشنل مہارت اور عسکری امور پر گہری دسترس بنیادی تقاضے ہیں اور ان کی موجودہ ذمہ داریوں اور وسیع تجربے کی بنیاد پر انہیں نئے منصب کے لیے سب سے موزوں، باصلاحیت اور اہل افسر قرار دیا جا رہا ہے ۔
تکنیکی اور مضبوط دفاعی مہارت
دفاعی اور تکنیکی امور پر فور اسٹار جنرل عامر رضا کو وسیع مہارت حاصل ہے ، خاص طور پر بطور ڈائریکٹر جنرل ویپنز اینڈ ایکوئپمنٹ اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا تجربہ انہیں دفاعی ٹیکنالوجی، اسلحہ جاتی نظام اور عسکری صنعت کے شعبوں میں غیر معمولی مہارت فراہم کرتا ہے اور اسی تکنیکی اور پیشہ ورانہ صلاحیت نے انہیں کمانڈر، نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ کی ذمہ داریوں کے لیے ایک مضبوط اور موزوں انتخاب بنایا ہے ۔
آرمرڈ کور سے اعلیٰ عہدے تک کا سفر
آرمرڈ کور میں ایک نمایاں اور قابلِ فخر کیریئر کے ساتھ ساتھ پاک فوج میں مختلف کمانڈ، اسٹاف اور تربیتی و ادارہ جاتی تقرریوں پر خدمات نے ان کی قائدانہ صلاحیت، پیشہ ورانہ تجربے اور تکنیکی مہارت کو مزید نکھارا ہے۔
میرٹ اور اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف
جنرل عامر رضا کی تقرری اس امر کی عکاس ہے کہ افواجِ پاکستان اپنی اعلیٰ ترین ذمہ داریاں پیشہ ورانہ میرٹ، وسیع تجربے اور کردار کی مناسبت کو مدنظر رکھتے ہوئے اہل افسران کے سپرد کرتی ہیں۔
ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ قابلیت، اسٹریٹجک وژن اور وسیع تجربے کے پیشِ نظر انہیں اس نئے ہیڈکوارٹر کی قیادت کے لیے بہترین انتخاب تصور کیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں پاکستان کے اسٹریٹیجک ڈومین سے متعلق منصوبہ بندی، ہم آہنگی اور قومی سلامتی کے اہم امور میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔