اوپن اے آئی نے اپنے جدید مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے نیا بگ باؤنٹی پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اہم سیکیورٹی خامیوں کی نشاندہی کرنے والے اہل محققین کو 50 ہزار ڈالر تک انعام دیا جائے گا۔
کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے، جہاں سے محققین اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ تاہم یہ پروگرام عام بگ باؤنٹی پروگرام کی طرح سب کے لیے کھلا نہیں ہوگا۔ دلچسپی رکھنے والے افراد کو پہلے درخواست جمع کرانا ہوگی، جس کے بعد صرف منتخب محققین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
اوپن اے آئی کے مطابق یہ نجی پروگرام کمپنی کے جدید اے آئی ماڈلز کی حیاتیاتی تحفظ سے متعلق حفاظتی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس پروگرام میں روایتی سافٹ ویئر خامیوں کے بجائے ایسے ممکنہ طریقوں کی نشاندہی کرنا ہوگی، جن کے ذریعے ماڈلز کی حفاظتی پابندیوں کو نظرانداز کیا جا سکتا ہو۔ مقصد یہ ہے کہ ان خامیوں کو بروقت دور کر کے اے آئی کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
یہ پروگرام پہلے سے جاری جی پی ٹی 5.5بگ باؤنٹی پروگرام کی جگہ لے گا اور مستقبل میں اوپن اے آئی کے نئے ماڈلز پر بھی لاگو ہوگا۔
انعامی رقم 50 ہزار ڈالر تک
اوپن اے آئی نے اس پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ انعامی رقم 25 ہزار ڈالر سے بڑھا کر 50 ہزار ڈالر کر دی ہے۔کمپنی کے مطابق جو محقق ماڈل کے حفاظتی نظام کو ایک ہی طریقے سے مسلسل نظرانداز کرنے والا یونیورسل جیل بریک دریافت کرے گا، وہ مکمل انعام کا حقدار ہوگا، جبکہ اہم نوعیت کی دیگر دریافتوں پر بھی جزوی انعامات دیے جا سکتے ہیں۔
اوپن اے آئی کے بگ باؤنٹی پروگرام میں درخواست دینے کے لیے امیدوار کے پاس فعال چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔درخواست گزار کو آن لائن فارم میں اپنا نام، ملک، ادارے یا کمپنی کا نام اور متعلقہ تجربے کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ درخواستوں کا جائزہ مرحلہ وار لیا جائے گا اور کامیاب امیدواروں سے اوپن اے آئی براہ راست رابطہ کرے گی۔
منتخب ہونے والے محققین کو پروگرام میں شامل ہونے سے قبل نان ڈسکلوزر ایگریمنٹ پر دستخط کرنا ہوں گے، جس کے بعد انہیں ٹیسٹنگ پلیٹ فارم تک رسائی دی جائے گی۔
اوپن اے آئی کے مطابق یہ پروگرام خاص طور پر ان افراد کے لیے ہے، جنہیں ان شعبوں میں تجربہ حاصل ہومصنوعی ذہانت کی حفاظت (AI Safety) ،سائبر سیکیورٹی ،اے آئی ریڈ ٹیمنگ ،مشین لرننگ ،سیکیورٹی ریسرچ ،بایو سیکیورٹی ،نیچرل لینگویج پروسیسنگ (NLP) کمپنی نے انجینیئرز، محققین، جامعات سے وابستہ افراد اور متعلقہ شعبوں کے طلبہ کو بھی درخواست دینے کی ترغیب دی ہے۔
جی پی ٹی 5.5 پروگرام ختم، توجہ جی پی ٹی5.6 پر
اوپن اے آئی کے مطابق جی پی ٹی 5.5 بگ باؤنٹی پروگرام 27 جولائی 2026 کو ختم ہو جائے گا، جبکہ نیا پروگرام اب جی پی ٹی 5.6 اور مستقبل میں آنے والے جدید اے آئی ماڈلز پر مرکوز ہوگا۔