پنجاب ایجوکیشن انیشیٹوز مینجمنٹ اتھارٹی (پی ای آئی ایم اے) نے مختلف شعبوں میں تجربہ کار اور پیشہ ور افراد کے لیے کنٹریکٹ کی بنیاد پر 31 اہم اسامیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ان اسامیوں کے لیے ماہانہ تنخواہیں ایک لاکھ 50 ہزار روپے سے لے کر سات لاکھ 50 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بھرتیاں ایڈمنسٹریشن، فنانس، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ریسرچ، پروگرام، پارٹنرشپ، مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن سمیت مختلف شعبوں میں کی جائیں گی۔
اعلان کے مطابق ہیومن ریسورس اینڈ ایڈمنسٹریشن، فنانس، پروگرام، پارٹنرشپ اینڈ کولیبریشن، اکیڈمکس اینڈ ریسرچ، اور مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کے شعبوں میں ڈائریکٹرز کی اسامیاں دستیاب ہیں۔ ان عہدوں کے لیے امیدواروں کی عمر 35 سے 55 سال، کم از کم 16 سالہ تعلیم اور متعلقہ شعبے میں 10 سال کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ منتخب امیدواروں کو ماہانہ سات لاکھ 50 ہزار روپے تک تنخواہ دی جائے گی۔
اسی طرح چیف آڈٹ آفیسر، ڈیٹا اینالسٹ اور ڈیٹا انجینئر کی ایک، ایک اسامی بھی خالی ہے۔ چیف آڈٹ آفیسر کے لیے عمر کی حد 30 سے 45 سال جبکہ ڈیٹا اینالسٹ اور ڈیٹا انجینئر کے لیے 28 سے 45 سال مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایڈمنسٹریشن، فنانس، ٹریننگ، مانیٹرنگ اور دیگر شعبوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی بھی متعدد اسامیاں موجود ہیں، جن کی ماہانہ تنخواہ دو لاکھ 25 ہزار روپے ہوگی۔ تاہم اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی اینڈ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے عہدے کے لیے ماہانہ تین لاکھ روپے تنخواہ مقرر کی گئی ہے۔ ان تمام عہدوں کے لیے کم از کم 16 سالہ تعلیم اور تین سال کا متعلقہ تجربہ درکار ہوگا۔
پی ای آئی ایم اے نے مزید 7 اسسٹنٹ اور 2 اسسٹنٹ آئی ٹی کی اسامیوں کا بھی اعلان کیا ہے، جن کے لیے کم از کم ایک سال کا متعلقہ تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق امیدواروں کے پاس ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے تسلیم شدہ اداروں کی ڈگریاں ہونی چاہئیں۔ مطلوبہ تعلیمی شعبوں میں بزنس ایڈمنسٹریشن، فنانس اینڈ اکاؤنٹنگ، پبلک ایڈمنسٹریشن، ایجوکیشن، سوشل سائنسز، ڈیٹا سائنس، کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
دلچسپی رکھنے والے امیدوار پنجاب حکومت کے سرکاری جاب پورٹل پر آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ڈاک، ای میل یا کوریئر کے ذریعے بھیجی گئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سرکاری یا نیم سرکاری اداروں میں خدمات انجام دینے والے امیدوار اپنے متعلقہ محکمے کے ذریعے درخواست دیں گے اور ضرورت پڑنے پر این او سی بھی فراہم کرنا ہوگا۔