مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری

مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کردی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 11 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوئے، جس کے بعد 26 جون سے اب تک مون سون بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 97 تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں اور مختلف حادثات میں اب تک 297 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 43 بچے، 33 مرد اور 21 خواتین شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا، جہاں 52 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ پنجاب میں 29، آزاد کشمیر میں 7، بلوچستان میں 6، سندھ میں 2 اور گلگت بلتستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

یہ بھی پڑھیں :مون سون کا نیا خطرناک اسپیل ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جار ی کر دیا

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث زخمی ہونے والوں میں پنجاب سرفہرست ہے جہاں 203 افراد متاثر ہوئے، جبکہ خیبرپختونخوا میں 75، بلوچستان میں 15 اور آزاد کشمیر و سندھ میں 2،2 افراد زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے نتیجے میں اب تک 447 گھروں کو نقصان پہنچ چکا ہے، جبکہ 269 مویشی بھی سیلابی صورتحال اور دیگر حادثات کی نذر ہو گئے،شدید بارشوں کے باعث انفراسٹرکچر بھی متاثر ہوا ہے، رپورٹ کے مطابق 6 پلوں اور 9 کلومیٹر سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔

این ڈی ایم اے نے صورتحال کی نگرانی جاری رکھنے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

editor

Related Articles