ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 200 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایرانی خبر ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان جنرل حسین محبی نے دعویٰ کیا کہ امریکی حکومت کی جانب سے فوجی ہلاکتوں سے متعلق اعداد و شمار جھوٹ پر مبنی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ایرانی جوابی کارروائیوں میں زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد بھی 200 سے کہیں زیادہ ہے۔
جنرل حسین محبی نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حملوں کے دوران خطے میں موجود امریکا کے 8 فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایک مقام پر موجود 20 حفاظتی شیلٹرز بھی تباہ کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو صحافیوں کو ان متاثرہ فوجی مراکز کا دورہ کروانا چاہیے تاکہ دنیا کو خود اندازہ ہو سکے کہ ان حملوں میں کتنا نقصان ہوا۔
اس سے قبل بھی ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران امریکی اڈوں پر حملوں میں 11 جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی کارروائیوں میں 17 ڈرونز، شیلٹر میں موجود ایف-15 جنگی طیارہ، پی-8 طیارہ، سی-17 ٹرانسپورٹ طیارہ اور 8 ری فیولنگ ایئرکرافٹ کو نشانہ بنایا گیا۔