آزاد کشمیر انتخابات،میرپور ڈویژن میں سیکیورٹی کا بڑا پلان، 17 ہزار پولیس اہلکار تعینات

آزاد کشمیر انتخابات،میرپور ڈویژن میں سیکیورٹی کا بڑا پلان، 17 ہزار پولیس اہلکار تعینات

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان سے 17 ہزار پولیس اہلکار میرپور ڈویژن پہنچا دیے گئے ہیں۔

انتخابی سیکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس کے 14 ہزار افسران و اہلکار سب سے بڑی نفری کے طور پر تعینات کیے گئے ہیں، جو مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول رکھنے اور پولنگ کے عمل کو محفوظ بنانے کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

پنجاب پولیس کے دستے میں ہائی وے پولیس کے 5 ہزار اہلکار، اینٹی رائٹ فورس کے 3 ہزار اہلکار، پنجاب کانسٹیبلری کے 900 اہلکار جبکہ ضلعی پولیس کے 5 ہزار 100 افسران و اہلکار شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سندھ پولیس کے 2 ہزار، خیبرپختونخوا پولیس کے 500، بلوچستان پولیس کے 200 جبکہ گلگت بلتستان پولیس کے 100 اہلکار بھی انتخابی ڈیوٹیوں پر مامور کیے گئے ہیں۔

میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں ہزاروں اہلکار تعینات

میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ میرپور کے 3 حلقوں میں 4 ہزار 800، کوٹلی کے 6 حلقوں میں 8 ہزار 300 جبکہ بھمبر کے 3 حلقوں میں ساڑھے 4 ہزار اہلکار انتخابی فرائض انجام دیں گے۔

انتخابی عمل کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کے 2 ہزار 100 اہلکار بھی بیک اپ پر موجود ہوں گے۔

2316 پولنگ اسٹیشنز، 1965 حساس قرار

میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 316 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے ایک ہزار 965 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ضلع کوٹلی میں مجموعی طور پر ایک ہزار 235 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں، جن میں 438 حساس جبکہ 323 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ضلع بھمبر کے 608 پولنگ اسٹیشنز میں سے 250 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، جہاں اضافی سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

پرامن انتخابات کے لیے سخت نگرانی

حکام کے مطابق انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے تمام حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے پولنگ سے قبل، دوران اور بعد ازاں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے الرٹ رہیں گے۔

editor

Related Articles