ٹروبا ٹیسٹ ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں 3 وکٹ پر 199 رنز بنالیے

ٹروبا ٹیسٹ ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں 3 وکٹ پر 199 رنز بنالیے

ٹروبا میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لیے۔

کپتان شان مسعود 88 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، جبکہ سلمان علی آغا ابھی کھاتہ کھولے بغیر کریز پر موجود ہیں۔ دونوں بلے باز تیسرے روز پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھائیں گے۔

پاکستان کو اننگز کا آغاز اچھا ملا، امام الحق نے 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تاہم اذان اویس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ سابق کپتان بابر اعظم بھی 23 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے محتاط مگر پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام پر 199 رنز بنا لیے۔ پاکستان کو پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 112 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی سات وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

 برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے شائی ہوپ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 92 رنز بنائے تاہم وہ اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔

کیوم ہوج نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 84 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شمار جوزف 23، تیگنارائن چندر پال 21 اور عامر جنگو بھی 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 یہ بھی پڑھیں :ویسٹ انڈیز نے تیسرے ون ڈے میں شکست دیکر پاکستان کیخلاف 33 سال بعد سیریز جیت لی

پاکستان کی جانب سے محمد علی سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ خرم شہزاد نے 2 اور عامر جمال نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل میچ کے پہلے روز ویسٹ انڈیز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا کر مضبوط پوزیشن حاصل کر لی تھی۔ پہلے دن بارش کے باعث کھیل شدید متاثر ہوا اور ابتدائی سیشن میں صرف 14.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔

بارش کے بعد تیگنارائن چندر پال اور کیوم ہوج نے دوسری وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت قائم کی تاہم چندر پال 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد عامر جنگو نے ہوج کا ساتھ دیتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 42 رنز کا اضافہ کیا لیکن وہ بھی 21 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بن گئے۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کی تاریخیں سامنے آ گئیں

دن کے آخری سیشن میں کیوم ہوج اور شائی ہوپ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 88 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی تھی جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلے روز کا کھیل 194 رنز پر 3 وکٹوں کے نقصان پر ختم کیا تھا۔

دوسرے روز پاکستانی بولرز نے عمدہ واپسی کرتے ہوئے باقی ماندہ وکٹیں جلد حاصل کیں اور ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم کو 311 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

واضح رہے کہ اس میچ میں پاکستان کے 33 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کر رہے ہیں اور انہوں نے پہلی بار قومی ٹیم کی ٹیسٹ کیپ پہن کر میدان میں قدم رکھا ہے۔

editor

Related Articles