پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کا تیسرا روز کے اختتام پر میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 199 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ قومی کپتان شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 109 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔
سلمان علی آغا 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان 12، آل راؤنڈر عامر جمال 3 اور علی عثمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ آخر میں خرم شہزاد نے 19 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 282 رنز تک پہنچایا جبکہ محمد عباس کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔
اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 282 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 29 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کی برتری میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز نے 29 رنز کی سبقت کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن پاکستانی بولرز نے عمدہ آغاز کرتے ہوئے میزبان ٹیم کی 4 وکٹیں صرف 43 رنز پر گرا دیں۔
بعد ازاں تاگی نارائن چندر پال نے 35 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ 80 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ جسٹن گریوز 20 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ کپتان روسٹن چیس بھی صرف 5 رنز بنا سکے اور 93 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
تیسرے روز کھیل کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے تھے اور اسے مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ شیمار جوزف 22 اور کیمار روچ 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد عباس نے 3 جبکہ خرم شہزاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اب چوتھے روز پاکستان کی نظریں ویسٹ انڈیز کی باقی ماندہ وکٹیں جلد حاصل کرکے نسبتاً قابلِ حصول ہدف کے تعاقب پر مرکوز ہوں گی، جبکہ میزبان ٹیم اپنی برتری کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔