وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کشمیر کاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے اور نہ ہی کسی کو دھونس اور تشدد کے زور پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ کشمیری عوام نے شرپسند عناصر کو مکمل مسترد کر دیا ہے، پرتشدد جتھے کو کشمیر کی ترقی قابل قبول نہیں ہے، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو پرامن انتخابات ہضم نہیں ہوئے،انہوں نے کہا کہ پرتشدد جتھے کے ارکان سے ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا ہے، جبکہ اس گروہ نے کامیاب انتخابات کو متنازع بنانے کی ناکام کوشش کی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں تمام جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا اور میرپور ڈویژن میں 6 لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے،انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کا مکروہ چہرہ دنیا نے دیکھ لیا ہے، حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایکشن کمیٹی کی تحریک حقوق دلانے کی نہیں بلکہ حقوق چھیننے کی تحریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پرتشدد تحریک میں ملکی اور غیر ملکی عناصر شامل ہیں، احتجاج کی آڑ میں دہشت گردی کی جا رہی ہے، جبکہ عوامی احتجاج میں اسلحہ استعمال نہیں ہوتا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ یہ عناصر کشمیریوں سے ان کے ووٹ کا حق چھیننا چاہتے ہیں، لیکن کشمیریوں نے ووٹ کی طاقت سے اپنا موقف واضح کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ 38 میں سے 37 مطالبات تسلیم کیے گئے، اس کے باوجود احتجاج بلاجواز ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پرتشدد احتجاج کے ذریعے انتخابات رکوانے کی کوشش کی گئی، لیکن جب پرتشدد جتھوں نے اپنے عزائم ناکام ہوتے دیکھے تو فساد پر اتر آئے۔