مراکش نے اپنی 650 میل طویل ساحلی شاہراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے منسوب کر دی ہے ،عرب میڈیا کے مطابق مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے شاہی فرمان جاری کیا ہے، جس کے تحت تزنیت سے جنوبی شہر داخلہ تک قائم شاہراہ کا نام “ڈونلڈ جے ٹرمپ ہائی وے” رکھ دیا گیا ہے۔
یہ شاہراہ عام طور پر تزنیت-داخلہ ایکسپریس وے کے نام سے جانی جاتی ہے، جس کی لمبائی 655 میل، یعنی ایک ہزار 55 کلومیٹر ہے،رپورٹس کے مطابق اس شاہراہ کی تعمیر پر تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر لاگت آئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مراکش کے بادشاہ محمد ششم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عظیم اعزاز پر ان کے شکر گزار ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ مراکش اور امریکا کے درمیان تعلقات باہمی احترام، تعاون اور دیرینہ شراکت داری پر قائم ہیں، اور وہ اس فیصلے کو دونوں ممالک کی دوستی کی علامت سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مراکش کی جانب سے یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ اس جذبۂ خیرسگالی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ٹرمپ نے شاہ محمد ششم کی قیادت اور دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کو بھی سراہا۔
رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کو مراکش اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات کے تناظر میں بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق شاہراہ کو امریکی صدر کے نام سے منسوب کرنا دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور روابط کی ایک علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تزنیت سے داخلہ تک جانے والی یہ شاہراہ مراکش کے جنوبی علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی اہم ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف سفری سہولتوں میں بہتری آئی ہے بلکہ تجارت، سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملا ہے۔