حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی فی لیٹر قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 63 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 335 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 388 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق نظرثانی شدہ قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
یاد رہے کہ 17 جولائی کو وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ان کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) روزانہ قیمتوں کا تعین کر کے اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی، جس کے بعد حکومت نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
گزشتہ دنوں قیمتوں میں مسلسل رد و بدل
روزانہ قیمتوں کے نئے نظام کے تحت 17 جولائی کو حکومت نے اگلے تین روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 316 روپے 15 پیسے جبکہ ڈیزل 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر پر پہنچ گیا تھا۔
بعد ازاں 20 جولائی کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کرتے ہوئے اسے 315 روپے 80 پیسے مقرر کیا، جبکہ اسی روز ڈیزل 5 روپے 71 پیسے مہنگا ہو کر 360 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔
21 جولائی کو ایک مرتبہ پھر قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، جس کے تحت پیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول 320 روپے 73 پیسے اور ڈیزل 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔
22 جولائی کو بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد پیٹرول 327 روپے 12 پیسے اور ڈیزل 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر مقرر ہوا۔
23 جولائی کو بھی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا اور پیٹرول 4 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمتیں بالترتیب 331 روپے 52 پیسے اور 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہو گئیں۔
24 جولائی کو حکومت نے ایک بار پھر پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 66 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں پیٹرول 335 روپے 18 پیسے جبکہ ڈیزل 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ تاہم 25 جولائی کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
گزشتہ روز معمولی ریلیف، آج پھر اضافہ
27 جولائی کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 334 روپے 18 پیسے فی لیٹر پر آ گیا تھا، تاہم اسی روز ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 37 پیسے مہنگا کر دیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 386 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
اب حکومت نے 29 جولائی کے لیے جاری کیے گئے نئے نوٹیفکیشن کے تحت ایک بار پھر دونوں بڑی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول 335 روپے 81 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 388 روپے 38 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔