پاکستان کویت دفاعی تعاون معاہدہ، سیکیورٹی شراکت داری کو مزید فروغ ملے گا، دفتر خارجہ

پاکستان کویت دفاعی تعاون معاہدہ، سیکیورٹی شراکت داری کو مزید فروغ ملے گا، دفتر خارجہ

پاکستان نے پاکستان کویت دفاعی تعاون معاہدہ 2023 کی کویت کی جانب سے حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان طویل المدتی دفاعی شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان جون 2023 میں دستخط کیے گئے پاکستان کویت دفاعی تعاون معاہدے کی حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتا ہے،ترجمان کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور کویت کے درمیان 1980 کی دہائی کے اوائل سے قائم دیرینہ دفاعی تعلقات میں ایک اور اہم مرحلے کی حیثیت رکھتی ہے۔

یہ دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے اور سیکیورٹی شراکت داری کو نئی وسعت دی جائے،بیان میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے ایک جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے، جس کے تحت فوجی تربیت و تعلیم، مشترکہ فوجی مشقیں، پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ اور باہمی اتفاق سے طے پانے والے دیگر شعبوں میں تعاون شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب کو حوثی ملیشیا کی دھمکیاں ناقابلِ قبول، پاکستانی جہازوں پر حملے کو قومی سلامتی کا خطرہ سمجھا جائے گا، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں پاکستان اور کویت کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان موجود دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت معاہدے کی شقوں کے مطابق اس پر عمل درآمد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے، جس سے دفاعی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور مضبوط ادارہ جاتی روابط پر مبنی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہ تعاون خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے اس معاہدے پر 11 جون 2023 کو دستخط کیے گئے تھے، جس کی حالیہ توثیق دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

editor

Related Articles