وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے رجسٹریشن کے دوران درکار ایس ایم ایس سروس مفت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام کیلئے رجسٹریشن اور ریلیف کے حصول کا عمل آسان بنانے اور ہر ممکن رہنمائی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت پیٹرول ریلیف اسکیم کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر عملدرآمد، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور عوام کو ریلیف کی فراہمی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن کیلئے استعمال ہونے والے ایس ایم ایس پر صارفین سے کوئی چارج وصول نہ کیا جائے۔
حکومت کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگ چی سمیت دیگر دو اور تین پہیوں والی سواریوں کو 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ماہانہ زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر تک پیٹرول پر ریلیف دیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کیلئے ماہانہ 30 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
اس حساب سے موٹرسائیکل اور رکشہ صارفین کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑی رکھنے والے اہل صارفین کو ماہانہ 3 ہزار روپے تک ریلیف مل سکے گا۔
اسلام آباد میں یہ اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب سے فعال کردی گئی ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پیٹرول ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
حکومت نے رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی ایس ایم ایس کے ذریعے رکھا ہے تاکہ ایسے شہری بھی اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں جن کے پاس اسمارٹ فون یا انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں۔ رجسٹریشن کیلئے درخواست گزار کو اپنے نام پر رجسٹرڈ سم سے 9771 پر مخصوص معلومات بھیجنا ہوں گی۔
رجسٹریشن کیلئے شہری کو REG کے ساتھ اپنا شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، متعلقہ صوبے کا کوڈ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ بھیجنا ہوگی۔ تصدیق کے بعد کامیاب درخواست گزار کو تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد رعایتی پیٹرول حاصل کرنے کیلئے صارف کو پیٹرول پمپ جانے سے پہلے TOK لکھ کر 9771 پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔ جواب میں موصول ہونے والا فیول ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد رعایتی قیمت پر پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مطابق دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کیلئے ایک مرحلے میں 5 لیٹر تک، یعنی 500 روپے کا ریلیف، جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کیلئے ایک ٹوکن پر 10 لیٹر تک، یعنی ایک ہزار روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔ اسکیم غیر تجارتی صارفین تک محدود ہوگی اور ایک صارف/مالک کو ایک گاڑی کیلئے ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کی رہنمائی کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں اور رجسٹریشن سمیت دیگر مراحل مکمل کرنے میں شہریوں کی معاونت کریں۔ انہوں نے منتخب عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ بالخصوص ایسے افراد کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جو ڈیجیٹل نظام سے زیادہ واقف نہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ریجن میں اسکیم کے آغاز کے بعد 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہوچکے ہیں جبکہ 42 ہزار 933 افراد کامیابی سے رجسٹر ہوچکے ہیں۔ حکومت کے مطابق رجسٹریشن کیلئے بنیادی طور پر شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، رجسٹریشن صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن تاریخ درکار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول ریلیف اسکیم کے بارے میں ملک گیر آگاہی مہم مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے عوام کو رجسٹریشن، اہلیت اور ریلیف حاصل کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے۔