ملک میں شدید بارشیں کب تک رہیں گی،محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی آ گئی

ملک میں شدید بارشیں کب تک رہیں گی،محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی آ گئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)اور محکمہ موسمیات  نے ملک بھر میں 4 اگست 2026 تک شدید بارشوں اربن فلڈنگ فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کے باعث گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خدشہ ہے جس کے باعث سڑکوں کی بندش، آمدورفت میں رکاوٹ اور مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب اور سندھ کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں فلیش فلڈ اور برساتی ندی نالوں میں اچانک پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین تیار رہیں، اگست کے بجلی بلوں میں بڑا جھٹکا متوقع

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے جہاں شدید بارشوں کے باعث سڑکوں انڈر پاسز اور رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں ضلعی انتظامیہ ریسکیو سروسز اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ریسکیو ٹیموں کو ہر وقت الرٹ رکھا جائے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں خصوصاً پہاڑی علاقوں برساتی ندی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں کا رخ نہ کریں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھیں سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں جس میں ضروری ادویات پینے کا پانی خشک خوراک، ٹارچ اضافی بیٹریاں موبائل فون چارجنگ کا متبادل انتظام اور اہم دستاویزات محفوظ رکھنے کا سامان شامل ہو۔

ماہرین کے مطابق مون سون کے حالیہ سلسلے کے دوران شدید بارشیں مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر کر سکتی ہیں اس لیے بروقت احتیاطی اقدامات اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنا جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles