بجلی صارفین تیار رہیں، اگست کے بجلی بلوں میں بڑا جھٹکا متوقع

بجلی صارفین تیار رہیں، اگست کے بجلی بلوں میں بڑا جھٹکا متوقع

مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے ایک اور تشویشناک خبر سامنے آگئی ہے۔ کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو اگست میں بھاری بلوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپے 20 پیسے تک اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے جون 2026 کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو جمع کرا رکھی ہے، جس پر آج سماعت کی جا رہی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جون کے دوران بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث صارفین سے ایک روپے 20 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں۔ اگر نیپرا اس درخواست کی منظوری دے دیتی ہے تو اس کا مالی بوجھ اگست کے بجلی کے بلوں میں شامل کیا جائے گا۔

سی پی پی اے کی رپورٹ کے مطابق جون کے دوران ملک میں بجلی کی پیداوار کا سب سے بڑا حصہ ہائیڈل ذرائع سے حاصل ہوا، جس کا تناسب 39 فیصد رہا۔ اس کے علاوہ مقامی کوئلے سے 10.11 فیصد، درآمدی کوئلے سے 12.65 فیصد، درآمدی گیس سے 11.02 فیصد جبکہ نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 13.40 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ باقی بجلی دیگر ذرائع سے حاصل کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، بجلی بل جمع کرانے کا نیا طریقہ متعارف

نیپرا سماعت کے دوران سی پی پی اے، پاور ڈویژن، ڈسکوز، صارفین کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ فریقین کا مؤقف سننے کے بعد حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔ منظوری کی صورت میں اضافی رقم فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صرف ایک ماہ کے لیے وصول کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق ملک بھر کے بجلی صارفین پر متوقع ہے، جن میں کے الیکٹرک کے صارفین بھی شامل ہوں گے، تاہم حتمی فیصلہ نیپرا کے حکم کے بعد ہی نافذ ہوگا۔

توانائی کے شعبے کے ماہرین کے مطابق فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا تعین ہر ماہ عالمی ایندھن کی قیمتوں، بجلی کی پیداواری لاگت اور مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی کے تناسب کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر تیل اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں کچھ کمی دیکھی جا رہی ہے، تاہم جون کے پیداواری اخراجات کی بنیاد پر صارفین کو اگست میں اضافی ادائیگی کرنا پڑ سکتی ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اگر عالمی توانائی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو آئندہ مہینوں میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو کچھ ریلیف بھی مل سکتا ہے، تاہم موجودہ درخواست کی منظوری کی صورت میں اگست کے بجلی کے بل پہلے سے زیادہ آنے کا امکان ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles