بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے حکومت نے سہولیات میں مزید اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت خارجہ کی جانب سے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے سفارتخانوں میں سہولیات میں اضافے، دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے، شکایات کے اندراج کو آسان بنانے اور بیرون ملک سے پاکستان میں مختلف کاموں اور ادائیگیوں کے لیے جدید نظام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا، وزارت داخلہ، ایف آئی اے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
کیو آر کوڈ سہولت
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے نظام کو آسان بنایا جا رہا ہے جبکہ اس مقصد کے لیے کیو آر کوڈ نظام متعارف کروایا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور سفارتخانوں میں اسے نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
شکایات کا آسان حل
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو شکایات کے اندراج اور ان کے حل کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے تاکہ انہیں مشکلات کے فوری ازالے میں مدد مل سکے۔
تصدیق کا عمل تیز
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں شہریوں کی سہولت کے لیے شام کی شفٹ کا آغاز کیا جا چکا ہے، جبکہ دستاویزات کی تصدیق کی سہولت آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق کورئیر کے ذریعے تصدیقی عمل کی سہولت بھی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹا بیس سے رابطہ قائم ہونے کے باعث تصدیقی عمل مزید تیز ہوگیا ہے۔
مکمل ڈیجیٹل نظام
اجلاس کو بتایا گیا کہ دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو ون اسٹاپ سسٹم میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں اسے مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے پر کام جاری ہے،این آئی ٹی بی کے تعاون سے ایک موبائل ایپلی کیشن بھی تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے پیدائش، وفات، شادی رجسٹریشن اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس سمیت مختلف دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہو سکے گی۔
اوورسیز کے لیے سہولت
حکومت کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سفارتخانوں کے چکر لگانے، طویل انتظار اور پیچیدہ طریقہ کار سے نجات ملے گی اور انہیں پاکستان سے متعلق معاملات میں زیادہ آسانی فراہم ہوگی۔