وزیراعظم کا چھوٹے کاروبار کیلئے بڑا اقدام،عالمی منڈیوں تک رسائی کی جامع حکمت عملی تیار کرنے کا حکم

وزیراعظم کا چھوٹے کاروبار کیلئے بڑا اقدام،عالمی منڈیوں تک رسائی کی جامع حکمت عملی تیار کرنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا ہے کہ کاروباری افراد کو مالی معاونت، فنی تربیت اور جدید سہولیات کی فراہمی کے ساتھ انہیں ملکی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں۔

 سمیڈا کو اہم ہدایت

چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سمیڈا کے زیر نگرانی جاری اقدامات کا جائزہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں ملک بھر میں چھوٹے کاروبار کے فروغ، مالی معاونت اور برآمدات بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ ملک کے تمام علاقوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے جامع حکمت عملی مکمل کی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دی جاسکے۔

 یکساں سہولیات کی فراہمی

شہباز شریف نے کہا کہ سمیڈا کے ادارہ جاتی مقاصد میں ملک کے تمام علاقوں میں کاروبار کی حوصلہ افزائی کے ساتھ مساوی سہولیات اور یکساں فنی معاونت کی فراہمی کو ترجیح حاصل ہونی چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری مواقع صرف بڑے شہروں تک محدود نہ رہیں بلکہ ملک کے مختلف علاقوں میں چھوٹے کاروباری افراد کو بھی ترقی کے لیے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

 خواتین کی شمولیت

وزیراعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت بڑھانے پر بھی زور دیا، انہوں نے سمیڈا کے جاری پروگرام کو مزید وسعت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو کاروباری شعبے میں آگے بڑھنے کے لیے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔

 عالمی منڈیوں تک رسائی

وزیراعظم نے مقامی کاروباری افراد کو قومی اور عالمی سطح پر تجارتی منڈیوں تک رسائی دینے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال کی ہدایت بھی کی،ان کا کہنا تھا کہ جدید ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے پاکستانی کاروباری افراد اپنی مصنوعات کو عالمی خریداروں تک پہنچا سکتے ہیں، اس لیے کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مناسب اہمیت دی جائے۔

 زرعی شعبے پر توجہ

شہباز شریف نے زرعی اجناس کے پیداواری اور تجارتی روابط کو منظم کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات پر مشتمل حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروبار اور صنعتوں کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبوں کو حکومتی حکمت عملی میں شامل کیا جائے،وزیراعظم نے واضح کیا کہ کاروباری افراد کی مالی معاونت، فنی استعداد کار میں اضافے اور ضروری سہولیات کی فراہمی پر یکساں توجہ دی جانی چاہیے۔

 برآمدات بڑھانے کا منصوبہ

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو مضبوط بنانے اور کاروباری افراد کی معاونت کے لیے مختلف سطحوں پر اقدامات جاری ہیں۔ چھوٹے کاروبار سے وابستہ صنعتی پیداوار کی برآمدات بڑھانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے دنیا میں رائج بہترین طریقوں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمیڈا مختلف متعلقہ اداروں کے تعاون سے ایک مربوط اور جامع حکمت عملی تیار کرنے پر کام کررہی ہے، جس کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو زیادہ مؤثر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

 اہم حکام کی شرکت

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے شرکت کی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت ہارون اختر، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

وزیراعظم کی ہدایات کے بعد سمیڈا کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے مالی معاونت، فنی تربیت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کو ایک جامع حکمت عملی کے تحت مربوط کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

editor

Related Articles