وفاقی حکومت نے بجلی چوری کی روک تھام اور لوڈ مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے ٹرانسفارمر کی سطح پر بجلی بند کرنے کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، نئے نظام کے تحت پورے فیڈر کو بند کرنے کے بجائے صرف اس ٹرانسفارمر کی بجلی بند کی جاسکے گی جہاں بجلی چوری کی نشاندہی ہوگی۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت بجلی کی تقسیم کے نظام میں ایک نیا تصور متعارف کرانے جارہی ہے، جس کے ذریعے ٹرانسفارمرز کو ضرورت کے مطابق آن یا آف کیا جاسکے گا،انہوں نے بتایا کہ اس نظام کا بنیادی مقصد بجلی چوری کے باعث پورے علاقے کے صارفین کو بجلی کی بندش سے بچانا ہے۔
صرف متاثرہ ٹرانسفارمر بند ہوگا
اویس لغاری کے مطابق موجودہ طریقہ کار میں کسی علاقے میں بجلی چوری زیادہ ہونے کی صورت میں بعض اوقات پورے فیڈر کو بند کرنا پڑتا ہے، جس سے بجلی چوری نہ کرنے والے صارفین بھی متاثر ہوتے ہیں،نئے نظام کے تحت جس مخصوص ٹرانسفارمر پر بجلی چوری ہوگی، صرف اسی ٹرانسفارمر کو بند کیا جاسکے گا، جبکہ اسی فیڈر سے منسلک دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی جاری رکھی جاسکے گی۔
ایک لاکھ 90 ہزار ٹرانسفارمرز
وزیر توانائی نے بتایا کہ ملک میں تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار ٹرانسفارمرز پر آن آف کرنے کا نظام لانے کی تیاری کی جارہی ہے،ان کے مطابق اس نظام کے نفاذ سے بجلی چوری کے خلاف کارروائی زیادہ مخصوص انداز میں ممکن ہوگی اور پورے فیڈر کو بند کرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔
عالمی سطح پر استعمال
اویس لغاری نے کہا کہ ٹرانسفارمر کی سطح پر بجلی بند کرنے کا یہ تصور نیا ضرور ہے، تاہم دنیا کے مختلف حصوں میں اس نوعیت کے نظام استعمال کیے جارہے ہیں انہوں نے بتایا کہ اس نظام کو عملی طور پر نافذ کرنے کے لیے ضروری ریگولیٹری فریم ورک آئندہ سال اپریل یا مئی تک فراہم کردیا جائے گا۔
نیٹ میٹرنگ میں تبدیلی
وزیر توانائی نے نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے بھی گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ نیٹ میٹرنگ نظام میں تبدیلی کے بعد لوگوں نے بیٹریاں لگانا شروع کردی ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت نے چند لاکھ صارفین کا اضافی بوجھ باقی کروڑوں صارفین پر منتقل ہونے سے روکا ہے،اویس لغاری کے مطابق بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا مقصد ایسا نظام تشکیل دینا ہے جس میں بجلی کی سہولت استعمال کرنے والے صارفین پر غیرضروری مالی بوجھ نہ پڑے۔
آبنائے ہرمز کی صورتحال
وزیر توانائی نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث توانائی کے شعبے کو درپیش مسائل پر بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پیٹرولیم ڈویژن ایل این جی کے کارگو حاصل نہیں کرپا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں مقامی گیس کو احتیاط اور ضرورت کے مطابق استعمال کیا جارہا ہے تاکہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال بھی یقینی بنایا جاسکے۔
حکومت کی جانب سے ٹرانسفارمر کی سطح پر آن آف نظام متعارف کرانے کا فیصلہ بجلی چوری کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ ہے، جس کے تحت پورے علاقوں کی بجلی بند کرنے کے بجائے چوری سے متاثرہ مخصوص ٹرانسفارمر کو ہدف بنایا جائے گا۔