میٹا نے صارفین کے لیے نئی سبسکرپشن سروس ’میٹا ون‘ متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور میٹا اے آئی کی الگ الگ سبسکرپشنز کو ایک ہی جگہ اکٹھا کردیا گیا ہے۔
میٹا ون سبسکرائب کرنے والے صارفین کو کمپنی کی مختلف ایپس میں متعدد ایڈوانسڈ اے آئی فیچرز اور پروفیشنل ٹولز تک رسائی حاصل ہوگی۔
اس سروس کے اجرا کا بنیادی مقصد انفرادی صارفین کے لیے دستیاب انسٹاگرام پلس، فیس بک پلس اور واٹس ایپ پلس سبسکرپشن پلانز کے 50 سے زائد فیچرز کو ایک ہی بنڈل میں فراہم کرنا ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق ان تینوں سروسز کے سبسکرپشن پلانز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے زائد ہے۔
میٹا نے انفرادی صارفین کے لیے کور اور پریمیئم پلانز بھی متعارف کرائے ہیں، جن کے ذریعے صارفین کے لیے مصنوعی ذہانت کی مدد سے تصاویر اور ویڈیوز تیار کرنا اور استعمال کرنا آسان ہوجائے گا۔
نئے سبسکرپشن ماڈل کے بعد میٹا کی جانب سے اے آئی کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز کی مفت تیاری کی سہولت مستقبل میں محدود ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
کریئیٹرز کے لیے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مشترکہ سبسکرپشن حاصل کرنے کی ماہانہ فیس 1750 روپے سے شروع ہوگی، جبکہ کسی ایک سروس، مثلاً فیس بک پلس، کی سبسکرپشن کی ماہانہ فیس 299 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یوں میٹا ون کے ذریعے صارفین کو مختلف پلیٹ فارمز کی متعدد سبسکرپشنز الگ الگ لینے کے بجائے ایک ہی بنڈل کے تحت اے آئی اور دیگر پریمیم فیچرز تک رسائی فراہم کرنے کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔