لندن میں آزاد کشمیرسے متعلق ہونیوالی ریلی کے دوران سینئر صحافی مرتضیٰ علی شاہ پر کالعدم ایکشن کمیٹی کے غنڈوں نے حملہ کر دیا۔
برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے لندن کے اسپیکرز کارنر، ماربل آرچ سے سینٹرل لندن تک مارچ کیا سینئر صحافی ریلی کی کوریج کے لیے پہنچے تھے تاہم کالعدم ایکشن کمیٹی کے انتشاری ٹولے کے غنڈوں نے ان پر حملہ کیا اور زد وکوب کیا۔
سینئر صحافی اس دوران معمولی زخمی بھی ہوئے، واقعے کے بعد سوشل صارفین سمیت صحافی برادری نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ یاد رہے کہ کالعدم ایکشن کے عنڈوں نے آزاد کشمیر میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر بھی حملے کیا اور انہیں شہید بھی کیا ۔
یہ بھی پڑھیں :کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے اہلکاروں کو یرغمال بنایا، پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی، زخمی پولیس اہلکار کا بیان
ادھر گزشتہ روز میرپور واقعے کے حوالے سے زخمی پولیس اہلکار کا ویڈیو بیان سامنے آگیا تھا جس میں اہلکار نے کہا تھا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو یرغمال بنایا اور پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
زخمی اہلکار کے مطابق واقعے کے دوران مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی اور اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اہلکار نے اپنے بیان میں واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے بعد امن و امان کی صورتحال متاثر ہوئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد سامنے آنے والے شواہد اور بیانات کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل گرفتار کیے گئے بعض افراد نے دوران تفتیش انکشافات کیے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے دھرنے میں مسلح افراد موجود تھے، جن کے پاس جدید ہتھیار بھی تھے۔
قبل ازیں آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان نے بھی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کے پاس جدید ہتھیار ہیں جن سے وہ سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کرتے ہیں ۔

