میرپور واقعے کے حوالے سے زخمی پولیس اہلکار کا ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے، جس میں اہلکار نے کہا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو یرغمال بنایا اور پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
زخمی اہلکار کے مطابق واقعے کے دوران مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی اور اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اہلکار نے اپنے بیان میں واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے بعد امن و امان کی صورتحال متاثر ہوئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد سامنے آنے والے شواہد اور بیانات کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل گرفتار کیے گئے بعض افراد نے دوران تفتیش انکشافات کیے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے دھرنے میں مسلح افراد موجود تھے، جن کے پاس جدید ہتھیار بھی تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے حاصل ہونے والی معلومات، سامنے آنے والی تصاویر اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جا سکے۔
پولیس نے کہاہے کہ بعض عناصر احتجاج کی آڑ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں، سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی معلومات کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔