سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے بھری دو گاڑیاں تباہ کر دیں، جبکہ انہیں استعمال کرنے والے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد بھی مارے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 30 جولائی 2026 کو خضدار میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بروقت پیشہ ورانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دو ایسی گاڑیوں کو روکا گیا جنہیں بارودی مواد سے بھر کر وہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز کے طور پر تیار کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں بارودی گاڑیوں کو دہشت گردوں سمیت تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں چار بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنایا گیا اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچاؤ ممکن ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد یا سہولت کار کو تلاش کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ فورسز پورے علاقے کی مکمل تلاشی لے رہی ہیں تاکہ دہشت گردوں کے تمام نیٹ ورکس کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ قومی انسداد دہشت گردی مہم “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام تک اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گے۔