جنگلی حیات کے ماہرین اور نیچر فوٹوگرافرز نے ریچھوں کے ایک ایسے دلچسپ رویے کا مشاہدہ کیا ہے جس نے جانوروں کے طرزِ عمل سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ماہرین کے مطابق بعض ریچھ بلند پہاڑی چوٹیوں یا خوبصورت نظاروں والی جگہوں پر چڑھ کر طویل وقت تک خاموشی سے اردگرد کے مناظر کو دیکھتے رہتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان مواقع پر وہ نہ شکار کر رہے ہوتے ہیں اور نہ ہی کسی خطرے کی نگرانی میں مصروف ہوتے ہیں۔
جنگلوں میں کیے گئے مشاہدات کے دوران کئی گرزلی اور بھورے ریچھ کو پہاڑوں، وادیوں اور غروب آفتاب کے دلکش مناظر کا سکون سے مشاہدہ کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس نے محققین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
ان مشاہدات کے بعد ماہرین کے درمیان یہ سوال زیرِ بحث آ گیا ہے کہ کیا ریچھ بھی تجسس، سکون یا اپنے اردگرد کے ماحول سے لطف اندوز ہونے جیسے احساسات رکھتے ہیں؟
اگرچہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کے جذبات کے بارے میں حتمی رائے دینا ابھی ممکن نہیں، تاہم یہ مشاہدات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ریچھ صرف خوراک کی تلاش یا بقا کی جدوجہد تک محدود نہیں رہتے بلکہ بعض اوقات اپنے ماحول کے ساتھ پُرسکون انداز میں وقت بھی گزارتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس قسم کے مشاہدات جانوروں کے رویوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دیتے ہیں اور اس بات پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ آیا جنگلی حیات بھی اپنے اردگرد کی خوبصورتی کو کسی حد تک محسوس یا سراہ سکتی ہے۔