پاکستان کے معروف اداکار فواد خان اپنی حالیہ تصاویر کے باعث ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ ان کے نئے انداز نے مداحوں کے درمیان مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے، تاہم ان میں سے کسی بھی دعوے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
فواد خان ان دنوں اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ اداکارہ عائزہ خان مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم میں وہ سیکیورٹی فورسز کے ایک افسر کا کردار نبھا رہے ہیں، جس کے لیے انہوں نے اپنے بال مختصر کر لیے ہیں۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ یہی نیا ہیئر اسٹائل ان کی شخصیت میں نمایاں تبدیلی کا سبب بن رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عروبہ مرزا بھی سامنے آگئیں، ثاقب چدھڑ پر ہراساں کرنے کا الزام
حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں فواد خان کو لاہور کے ایک معروف کاسمیٹک سرجن کے ساتھ بھی دیکھا گیا، جس کے بعد بعض صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ شاید اداکار نے اپنی شخصیت نکھارنے کے لیے کسی قسم کا کاسمیٹک یا جمالیاتی علاج کروایا ہے۔
تاہم فواد خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے ان کے چہرے میں معمولی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے بوٹوکس، فلرز یا دیگر کاسمیٹک طریقۂ علاج سے متعلق قیاس آرائیاں کیں، جبکہ کئی مداحوں نے ان تبدیلیوں کو نئے ہیئر اسٹائل، وزن میں کمی اور بہتر فٹنس کا نتیجہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:تھلاپتی وجے کے بعد کیا دھنوش بھی سیاسی میدان میں اتریں گے
کچھ صارفین نے مزاحیہ انداز میں اداکار سے ان کے کاسمیٹک سرجن کا پتا بھی پوچھا، جبکہ بعض نے فیس لفٹ اور فلرز جیسے علاج کا امکان ظاہر کیا۔ دوسری جانب کئی مداحوں نے فواد خان کے کم ہوتے وزن پر بھی تبصرہ کیا۔
سوشل میڈیا پر چند افراد نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ذیابیطس کے باعث وہ وزن کم کرنے کے لیے اوزیمپک استعمال کر رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے بھی کوئی مستند ثبوت یا سرکاری تصدیق موجود نہیں۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام قیاس آرائیاں غیر مصدقہ ہیں اور فواد خان یا ان کے نمائندوں کی جانب سے اب تک ان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا

