زمین پر زندگی کی ابتدا کا راز؟ خلا میں قدرتی چینی کی اہم دریافت سامنے آگئی

زمین پر زندگی کی ابتدا کا راز؟ خلا میں قدرتی چینی کی اہم دریافت سامنے آگئی

سائنس دانوں نے خلا میں قدرتی شکر یا چینی کی موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے اسے کائنات میں زندگی کی تلاش اور زمین پر زندگی کی ابتدا کو سمجھنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

ریسرچرز نے ’ایریتھرولوز‘  نامی قدرتی شکر ہماری کہکشاں ملکی وے کے مرکزی حصے کی سمت میں دریافت کی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت اس نظریے کو مزید تقویت دیتی ہے کہ زندگی کے لیے ضروری بعض بنیادی کیمیائی اجزا خلا میں بھی موجود ہو سکتے ہیں۔

زمین پر ایریتھرولوز قدرتی طور پر راسبیری سمیت بعض پھلوں میں پائی جاتی ہے، جبکہ اسے کاسمیٹکس اور مصنوعی ٹیننگ مصنوعات کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:’چیٹ جی پی ٹی ‘ استعمال کرنے والوں کی موجیں، کمپنی کا بڑا اعلان

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ شکر زندگی کے بنیادی اجزا میں شمار ہوتی ہے کیونکہ یہی ڈی این اے اور آر این اے کی ساخت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ خلیات میں توانائی کی فراہمی اور مختلف حیاتیاتی عمل بھی شکر سے وابستہ ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ زندگی کی ابتدا میں شکر کے کردار پر طویل عرصے سے تحقیق جاری ہے، لیکن اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ایسی پیچیدہ شکر زمین یا خلا میں کس طرح وجود میں آئی۔ تجربہ گاہوں میں کیے گئے تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی زمینی حالات میں اس قسم کی شکر کا بننا آسان نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں :ایمیزون کا جنگل، قدرت کا سب سے حیران کن اور پراسرار خزانہ

تحقیق کرنے والے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ خلا میں قدرتی شکر کی دریافت مستقبل میں اس سوال کا جواب تلاش کرنے میں مدد دے سکتی ہے کہ زمین پر زندگی کا آغاز کیسے ہوا اور کیا کائنات کے دیگر حصوں میں بھی زندگی کے لیے ضروری بنیادی اجزا موجود ہیں۔

editor

Related Articles