پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے برطانیہ میں منعقدہ مختلف فنڈ ریزنگ تقریبات کے ذریعے فلسطین کے لیے 1 لاکھ 80 ہزار برطانوی پاؤنڈ جمع کر کے انسانی ہمدردی کی ایک قابلِ تعریف مثال قائم کر دی۔
ماہرہ خان، جو پاکستان کی کامیاب اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، نہ صرف ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے باعث شہرت رکھتی ہیں بلکہ مختلف سماجی اور انسانی مسائل پر بھی کھل کر آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین کی سفیر بھی رہ چکی ہیں۔
ماہرہ رپورٹس کے مطابق ماہرہ خان حال ہی میں برطانیہ کے دورے پر تھیں، جہاں انہوں نے مختلف شہروں میں مداحوں سے ملاقاتوں اور خصوصی تقریبات میں شرکت کی۔ ان تقریبات سے حاصل ہونے والی تمام رقم فلسطین کے لیے امدادی فنڈ میں عطیہ کر دی گئی۔ تقریبات کے دوران ماہرہ خان نے دو مختلف اور دلکش انداز میں شرکت کی، جبکہ مداحوں نے ان کے اس انسان دوست اقدام کو خوب سراہا۔
برطانیہ میں ہونے والی ان تقریبات کی میزبانی میزبان ہارون رشید نے کی، جنہوں نے سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی کاوش کو سراہتے ہوئے بتایا کہ فنڈ ریزنگ مہم کے ذریعے مجموعی طور پر 1 لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ جمع کیے گئے، جو فلسطینی عوام کی امداد کے لیے وقف کر دیے گئے۔
ماہرہ خان اس سے قبل بھی فلسطین کے حق میں متعدد مواقع پر آواز بلند کر چکی ہیں اور انسانی بحران سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے مختلف مہمات میں حصہ لیتی رہی ہیں۔