پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں دھاندلی گولی قاتل اور خونی انتخابات قرار دیا ہے۔
ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات شفاف آزاد اور منصفانہ نہیں تھے بلکہ انتخابی عمل کو متنازع بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران ایسے حالات پیدا کیے گئے جن سے جمہوری عمل متاثر ہوا تاہم تمام تر مشکلات اور مبینہ دھاندلی کے باوجود عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے نو انتخابی نشستوں پر کامیاب کرایا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنی جماعت کے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل ابھی مکمل نہیں ہوا اس لیے وہ بھرپور انداز میں میدان میں رہیں اور آئندہ مرحلے میں بھی کامیابی کے لیے بھرپور جدوجہد کریں۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ 4 اگست کو مظفرآباد سے پارٹی امیدوار باذل نقوی اور جاوید ایوب کو کامیاب بنائیں اور مسلم لیگ (ن) کی مبینہ انتخابی حکمت عملی کو ناکام بنائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید اعلان کیا کہ وہ ضلع باغ (پونچھ ڈویژن) میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے انہوں نے پونچھ کے عوام اور پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، پونچھ والو میں آ رہا ہوں، آپ اپنی تیاری کریں۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی دباؤ یا مشکل کے سامنے جھکنے والی جماعت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن ثابت قدم رہیں کیونکہ عوامی جدوجہد ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نہ ہمت ہارتی ہے نہ پیچھے ہٹتی ہے اور نہ ہی کبھی میدان چھوڑتی ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ انتخابی معرکوں اور سیاسی سرگرمیوں کے لیے بھرپور تیاری کریں تاکہ عوام کی حمایت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے ایک بار پھر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل میں اضافے سیاسی صورتحال اور حالیہ انتخابی تنازعات نے حکمرانوں کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے اسی لیے حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور اس کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے