اب مہنگا موبائل پیکج لینے کی ضرورت نہیں، PTA نے آسان حل بتا دیا

اب مہنگا موبائل  پیکج لینے کی ضرورت نہیں، PTA نے آسان حل بتا دیا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے ملک بھر کے کروڑوں موبائل صارفین کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرا دی ہے جس کے تحت اب مختلف موبائل کمپنیوں کے کال ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پیکجز کا ایک ہی پلیٹ فارم پر آسانی سے موازنہ کیا جا سکے گا۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو درست معلومات فراہم کرنا اور انہیں ری چارج یا پیکج خریدنے سے پہلے بہتر فیصلہ کرنے میں مدد دینا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق اس نئے نظام کو ادارے کی ویب سائٹ کے Consumer Awareness سیکشن میں شامل کیا گیا ہے جہاں صارفین Jazz Zong Ufone اور Telenor  سمیت مختلف موبائل آپریٹرز کے نمایاں پیکجز کی قیمتوں ان میں ہونے والی تبدیلیوں اور دیگر تفصیلات کا تقابلی جائزہ لے سکتے ہیں۔

اس پورٹل کی خاص بات یہ ہے کہ صارفین اب صرف موجودہ قیمت ہی نہیں بلکہ یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ کسی پیکج کی قیمت میں گزشتہ سہ ماہی یا سال کے دوران کتنا اضافہ ہوا۔ اس سے یہ جاننا آسان ہوگا کہ کون سی کمپنی نسبتاً سستا یا مہنگا پیکج فراہم کر رہی ہے اور کس پیکج کی قیمت میں حالیہ عرصے کے دوران زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایزی پیسہ صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، اگست میں نئی آفرز اور سہولتیں

ٹیلی کام ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں موبائل پیکجز کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا تھا جبکہ مختلف کمپنیوں کے پیکجز کا موازنہ بھی آسان نہیں تھا۔ نئے سسٹم کے ذریعے صارفین اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق موزوں پیکج کا انتخاب کر سکیں گے جس سے غیر ضروری اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹیرف میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو باخبر فیصلے کرنے کے قابل بنانا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق مستقبل میں بھی صارفین کی سہولت کے لیے اس پورٹل کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ ٹیلی کام سروسز سے متعلق معلومات ایک ہی جگہ دستیاب رہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین ہوشیار،آج 10 گھنٹے تک بجلی بند رہے گی

دوسری جانب حالیہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بعض موبائل کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس تقابلی نظام کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین کو چاہیے کہ ہر ری چارج سے پہلے پی ٹی اے کے اس پورٹل پر مختلف کمپنیوں کے پیکجز کا موازنہ ضرور کریں تاکہ وہ کم قیمت میں بہتر سہولت حاصل کر سکیں

Qaisar Mirza
editor

Related Articles