اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے ضروری سالانہ سسٹم مینٹیننس، ڈیولپمنٹ ورکس اور جدید اے ایم آئی (AMI) میٹرز کی تنصیب کے باعث آج 4 اگست 2026 کو اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم ریجن کے مختلف علاقوں میں بجلی کی عارضی بندش کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
آئیسکو کے ترجمان کے مطابق بجلی کی فراہمی مختلف فیڈرز پر مرحلہ وار معطل رہے گی تاکہ سسٹم کی بہتری، گرڈ اسٹیشنز کی دیکھ بھال اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ کمپنی نے صارفین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے عارضی تکلیف پر معذرت بھی کی ہے۔
آئیسکو کے جی ایس او (GSO) سرکل کے تحت بھی مختلف 132 کے وی گرڈ اسٹیشنز پر شیڈول کے مطابق بجلی بند رہے گی۔ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک 132 کے وی راوت-II گرڈ اسٹیشن کے پاور ٹرانسفارمر ٹی-2 پر کام جاری رہے گا، جبکہ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک 132 کے وی اے ڈبلیو سی (AWC)، ایچ ایم سی (HMC) ٹیکسلا اور سنگجانی-برہان گرڈ اسٹیشنز متاثر ہوں گے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد سرکل میں صبح 6 بجے سے 10 بجے تک نیوی-1 فیڈر جبکہ صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک گھڑیال فیڈر سے بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔
راولپنڈی کینٹ سرکل میں صبح 6 بجے سے 10 بجے تک سواں گارڈن اور سواں گارڈن-II فیڈرز بند رہیں گے جبکہ اٹک سرکل میں اسی دوران بہلوٹ فیڈر سے بجلی کی سپلائی معطل رہے گی۔
اسی طرح چکوال سرکل میں صبح 6 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جمال وال منگن، کریالہ اور کے ایس ایم (KSM) یونٹ-3 فیڈرز سے منسلک علاقوں میں بجلی بند رہے گی۔
مزید برآں صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک 132 کے وی کہوٹہ-ٹی پلندری، نیو واہ-بہتر موڑ اور ملحقہ علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔
ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ اگر مینٹیننس اور ترقیاتی کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہو گئے تو متعلقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی شیڈول سے پہلے بحال کر دی جائے گی۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجلی کی بندش کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے روزمرہ کے معمولات اسی کے مطابق ترتیب دیں۔