آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے سلسلے میں مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 27 اور ایل اے 28 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق ایل اے 27 میں استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک جبکہ ایل اے 28 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بازل نقوی کو برتری حاصل ہے۔
حلقہ ایل اے 27 کے 197 پولنگ اسٹیشنز میں سے 105 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک 13 ہزار 352 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نورین عارف 9 ہزار 362 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار جاوید 8 ہزار 160 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب حلقہ ایل اے 28 کے 174 پولنگ اسٹیشنز میں سے 146 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے بازل نقوی 24 ہزار 219 ووٹ کے ساتھ برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری شہزاد 23 ہزار 734 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہیں۔
حتمی نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔