اینڈرائیڈ فونز میں برسوں سے استعمال ہونے والا گوگل کا ڈیجیٹل اسسٹنٹ جلد ریٹائر ہونے جا رہا ہے اور اس کی جگہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس جیمنائی مکمل طور پر سنبھال لے گا۔
رپورٹ کے مطابق گوگل نے بعض صارفین کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ 4 ستمبر 2026 سے گوگل اسسٹنٹ اینڈرائیڈ فونز، ٹیبلٹس اور وئیر ایبل ڈیوائسز پر دستیاب نہیں ہوگا۔
گوگل اسسٹنٹ کو مئی 2016 میں کمپنی کی ایلو میسجنگ ایپ کے حصے کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔ اگرچہ ایلو سروس کئی برس قبل بند کر دی گئی تھی، تاہم گوگل اسسٹنٹ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کا اہم حصہ بنا رہا۔
رپورٹس کے مطابق گوگل نے ابتدائی طور پر 2025 کے دوران گوگل اسسٹنٹ کو مرحلہ وار ختم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم بعد میں اس کی مدت میں توسیع کر دی گئی تاکہ صارفین کو جیمنائی پر منتقل ہونے کے لیے مزید وقت مل سکے۔
حالیہ مہینوں میں کمپنی نے جیمنائی کو مختلف ڈیوائسز پر بطور ڈیفالٹ ڈیجیٹل اسسٹنٹ متعارف کرانے کے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ گوگل کا کہنا ہے کہ جیمنائی نہ صرف بنیادی فون کمانڈز انجام دے سکتا ہے بلکہ مصنوعی ذہانت کی بدولت پیچیدہ سوالات کے جوابات، تحریر، تصاویر اور دیگر متعدد کام بھی انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جیمنائی ایک ملٹی ماڈل اے آئی اسسٹنٹ ہے، جسے ٹیکسٹ، آواز اور تصاویر کے ذریعے ہدایات دی جا سکتی ہیں۔ صارفین اسے گوگل اسسٹنٹ کی طرح ’’Hey Google‘‘ کمانڈ کے ذریعے بھی فعال کر سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق گوگل اسسٹنٹ کی ریٹائرمنٹ کمپنی کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ اپنے تمام اے آئی فیچرز کو جیمنائی پلیٹ فارم پر منتقل کر رہی ہے، تاکہ صارفین کو زیادہ جدید اور جامع ڈیجیٹل اسسٹنٹ فراہم کیا جا سکے۔