گندم کی نئی قیمت مقررکردی گئی

گندم کی نئی قیمت مقررکردی گئی

حکومت پنجاب نے صوبے میں گندم کی نئی ریلیز قیمت مقرر کرتے ہوئے فی من گندم کا ریٹ 3 ہزار 800 روپے کر دیا ہے پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے میں گندم اور آٹے کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنا ہے تاکہ شہریوں کو مناسب نرخوں پر آٹا دستیاب ہو سکے۔

نئی قیمت مقرر

محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے ترجمان کے مطابق پنجاب حکومت نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے گندم کی ریلیز قیمت 3 ہزار 800 روپے فی من مقرر کی ہے،ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر پنجاب کو پاکستان زرعی اجناس ذخیرہ و خدمات کارپوریشن (پاسکو) سے فوری گندم فراہم کی جا رہی ہے۔

3 لاکھ ٹن گندم کی منظوری

حکام کے مطابق پنجاب کو ابتدائی طور پر پاسکو سے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ محکمہ فوڈ پہلے ہی 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم حاصل کر چکا ہے،پنجاب حکومت نے مجموعی طور پر 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی درخواست کی تھی، تاہم اس کے مقابلے میں 5 لاکھ 33 ہزار 440 میٹرک ٹن گندم مختص کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ، شہری مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور

آٹے کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ

ترجمان کے مطابق پاسکو نے گندم کی قیمت 4 ہزار 150 روپے فی من مقرر کر رکھی ہے، تاہم پنجاب حکومت نے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے کم ریلیز قیمت مقرر کی ہے،حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد آٹے کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کو روکنا اور عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

15 روپے کی روٹی پر عملدرآمد

پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں 15 روپے میں روٹی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو نگرانی کا مؤثر نظام قائم کرنے اور قیمتوں پر نظر رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

خریداری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت

وزارت قومی غذائی تحفظ نے پنجاب حکومت کو گندم خریداری کا شیڈول جلد جمع کرانے اور پیشگی ادائیگی کا عمل فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ گندم کی فراہمی کا سلسلہ بغیر کسی تاخیر کے جاری رکھا جا سکے۔

editor

Related Articles