کیا آپ ایک ایسی ٹی شرٹ پہن سکتے ہیں جسے پورے 30 دن تک دھونے کی ضرورت نہ پڑے؟ سننے میں یہ دعویٰ حیران کن لگتا ہے، لیکن ایک امریکی ملبوسات کمپنی نے ایسی ہی نئی وی 5.0 ہیرک شرٹ متعارف کرا دی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ روزانہ استعمال کے باوجود یہ ٹی شرٹ بدبو پیدا نہیں ہونے دیتی، جس کے باعث اسے ایک ماہ تک بغیر دھوئے پہنا جا سکتا ہے، یہی دعویٰ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جبکہ بہت سے لوگ اس کی حقیقت جاننے کے لیے بے تاب ہیں۔
کمپنی کے مطابق وی 5.0 ہیرک شرٹ کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، اس میں سات خصوصی اجزا صرف کپڑے کی سطح پر نہیں لگائے گئے بلکہ براہِ راست اس کے ریشوں میں شامل کیے گئے ہیں۔
ان اجزا میں تانبا، چاندی، زنک، سونا، آتش فشانی راکھ اور دو خفیہ اجزا شامل ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ تانبا بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی افزائش کو روکتا ہے، جبکہ زنک پسینے سے بننے والے سلفر مرکبات کو بے اثر کرتا ہے، اسی طرح آتش فشانی راکھ نمی اور بیرونی بدبو کو جذب کرتی ہے ، اس امتزاج کی بدولت ٹی شرٹ زیادہ دیر تک تازہ محسوس ہوتی ہے اور بار بار دھونے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
مزید براں کم دھلائی کی وجہ سے اس ٹی شرٹ کی عمر بھی عام ٹی شرٹس کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے ، اس سے نہ صرف صارفین کے وقت کی بچت ہو سکتی ہے بلکہ پانی اور توانائی کے استعمال میں بھی کمی آ سکتی ہے۔
تاہم اس شرٹ پر سوالات بھی اٹھ رہے ہیں ، خاص طور پر گرم علاقوں کے صارفین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور زیادہ پسینے کے دوران کسی بھی کپڑے کو اتنے طویل عرصے تک بغیر دھوئے استعمال کرنا آسان نہیں، اسی لیے بہت سے لوگ اس نئی ٹیکنالوجی کے عملی نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔
ہیرکلیون کمپنی کا اصرار ہے کہ اس کی نئی ٹیکنالوجی حقیقی استعمال میں بھی مؤثر ثابت ہوگی ، وی 5.0 ہیرک ٹی شرٹ کی قیمت 79 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس کی شپمنٹ نومبر کے اوائل میں شروع ہوگی ، ابتدائی مرحلے میں یہ صرف سیاہ رنگ میں دستیاب ہوگی، جبکہ بعد ازاں اسے نیوی بلیو، برگنڈی اور گہرے سبز رنگ میں بھی فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ 30 دن تک بغیر دھوئے ٹی شرٹ کا یہ منفرد تصور واقعی ملبوسات کی صنعت میں انقلاب لاتا ہے یا پھر یہ صرف ایک منفرد مارکیٹنگ دعویٰ ثابت ہوتا ہے۔